کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کے تحت ایس آر ایس پی کے اشتراک سے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے ”یوتھ کھلی کچہری“ کا کامیاب انعقاد کیا جس میں چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع اللہ جان ایم پی اے، داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم، تمام اے ڈی سیز،پولیس اورلائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہوں کے علاوہ یونیورسٹی کے طلباء نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔نوجوانوں نے کھل کراپنے مسائل پیش کئے جن میں زیادہ ترمسائل کا تعلق سٹوڈنٹس کے رہائش،ٹرانسپورٹ، اکیڈمک اور انٹرن شپ سے تھا۔اراکین صوبائی اسمبلی اورڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے طلباء کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی کچہری صرف نشستاًبرخاستاً نہیں ہوگی بلکہ ریسپانسیوہوگی اورآپ کو یہاں پر پیش کردہ ہر مسئلے پرپیش رفت سے آگاہ کیاجائے گا۔ انہوں نے وہاں پر موجود ایک رہائشی ہاسٹل اورٹرانسپورٹ کا مسئلہ موقع پرحل کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کی منتخب قیادت عوام باالخصوص نوجوانوں کے مسائل سے غافل نہیں اورہماری پوری کوشش ہے کہ یہاں پراکنامک زون اورآئی ٹی پارک کے قیام کوجلد از جلد حتمی شکل دیں جن سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔مقررین نے کہاکہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں کی 52 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ہم اپنے مستقبل سے ہرگز مایوس نہیں کیونکہ ہمارا نوجوان انتہائی باشعور اورباصلاحیت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پورے ضلع میں گیس اوربجلی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ برابر رابطے میں ہیں اورانشاء اللہ بہت جلد اس کا مستقل حل نکالیں گے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے منتخب اراکین اورضلعی انتظامیہ کوہاٹ شکریہ ادا کیاجنہوں نے نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے یونیورسٹی میں یوتھ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔