کوہاٹ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی 24 نومبر کے فائنل کال کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں عوام باالخصوص کارکنوں کا جذبہ اور عزم فقیدالمثال ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمران خان کی 24 نومبر کے فائنل کال کے حوالے سے تحصیل درہ آدم خیل میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں تحصیل درہ آدم خیل کے عہدیداران اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں 24 نومبر کی فائنل کال کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ وزیر قانون آفتاب عالم اور پی ٹی آئی درہ آدم خیل کے صدر حاجی عابدالرحمن نے کارکنان کو عمران خان کے فائنل کال کی بھرپور موبلائزیشن کرنے اور اسے بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے کارکنان کو بڑی تعداد میں اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ جعلی مقدمات میں ناجائز طور پر گرفتار عمران خان کو رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو رہا کر کے ہی دم لیں گے۔