وانا (مانند نیوز) پاک افغان بارڈر پر انگوراڈا گیٹ کے مقام پر احمد زئی وزیر قبیلے کی جانب سے ایک بڑا قومی جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ جرگے میں متفقہ طور پر طے پایا کہ کل ایک 600 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ یہ کمیٹی انگوراڈا گیٹ کے ساتھ ایک طویل دیوار تعمیر کرے گی، جس کے نتیجے میں ہر قسم کی آمدورفت مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔اس موقع پر انگوراڈا کے علماء کرام اور قبائلی مشران نے مزید مشاورت کے لیے کل تک کا وقت طلب کیا ہے تاکہ اس منصوبے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 نومبر، بروز ہفتہ، اگلے اقدامات کیے جائیں گے اور اس حوالے سے حتمی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔یہ فیصلہ علاقائی امن و امان کے مسائل اور بارڈر کی حفاظت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ جرگے میں شریک مشران نے اتفاق کیا کہ یہ اقدام مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔