پشاور(مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے اسلام آباد کو سیل کرکے احتجاج کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع کردیا گیا ہے، مینڈیٹ چور حکومت عوام کی زندگی اجیرن کرنے کی بجائے عوام کا حق واپس کرے۔انہوں نے کہا کہ فسطائی ہتھکنڈوں کی بجائے جمہوری انداز اپنائیں ورنہ ناکامی آپ کا مقدر بنے گی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ موٹروے اور پنجاب کی شاہراہوں کو بند کرنا احتجاج کی کامیابی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل، تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور لاری اڈوں تک کو بند کرنا پڑا، اپنی جعلی سلطنت بچانے کے لئے پورے پاکستان کو بند کردیا گیا ہے۔مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کہاں ہیں وہ درباری وزراء جو کہتے تھے کہ50 لوگ بھی نہیں نکلیں گے اب ان سے کوئی پوچھے کہ صرف 50 لوگوں کے ڈر سے پورا پاکستان بند کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی کرلے مگر اب انکی جعلی حکومت کا خاتمہ یقینی ہے۔