پشاور(مانند نیوز ) ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وز یر نے کہا ہے کہ تمام والدین کو چاہیے کہ رواں ماہ کی 16 دسمبرسے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ نہ صرف اپنے بچوں کو اس موذی اور عمر بھر کیلئے اپاہج بنا دینے والے وائرس کا شکار ہونے سے بچائیں بلکہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ضلع مردان پولیو مہم کا افتتاح اور فعال اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کو تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،اس موقع پر ڈائریکٹر ای پی آئی پروگرام خیبر پختو نخوا ڈاکٹر اصغر خان، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور ڈی ایچ او مردان ڈاکٹر جاوید اقبال نے ضلع کی سطح پر پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا،افتتاحی تقریب میں ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر اکرام اللہ، ای پی آئی کوآرڈینیٹر مردان ڈاکٹر امتیاز،این اسٹاپ آفیسرڈاکٹر ذیشان،(ڈی ایچ سی ایس اوزوار حسین، ڈی ایس وی ای پی آئی وقار احمد،ڈی ای او سی فوکل پرسن عاصم ز یب اور ڈی ایس اوپیر وقار نے شرکت کی،مقررین نے کہا کہ ہمیں بھی چاہیے کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے تمام پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ہم بھی جلد ان ممالک کی صف میں کھڑے ہو جائیں جو کہ پہلے ہی اس وائرس سے چھٹکارا حاصل کر چکے ہیں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک معاشرہ فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔تقریب میں فعال اثر و رسوخ رکھنے والے افراد، جن میں مذہبی رہنما، مقامی عمائدین، اساتذہ، اور سماجی کارکن شامل تھے، کو پولیو آگاہی کے فروغ اور سابقہ مہمات میں بھرپور تعاون پر تعریفی اسناد، شیلڈز، اور پی کیپس پیش کی گئیں۔