ہنگو(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ہنگو کی تمام کریمینلز کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین کارروائی کرنے کی ہدایت ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت ضلع بھر میں قبضہ اور دیگر مافیاز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی سرکاری یا غیر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف قانون فوری طور پرحرکت میں آئے گا اور کارروائی کے ساتھ ساتھ تمام تھانوں اور دفاتر میں بھی ان کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان نے قبضہ مافیا کے سرغنوں اور بڑے بڑے مگر مچھوں کی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس کی روشنی میں باقاعدہ فائلز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے لینڈ مافیا، ٹمبر مافیا، سود خور مافیا اور ڈرگ مافیا کے خلاف بھی بھرپورکارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر ہنگو نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس کی روشنی میں مذکورہ سرگرمیوں میں ملوث خطرناک مجرموں کی باقاعدہ فائلز جن میں انکی پروفائل، کریمنل ہسٹری، انہیں ماضی میں ملنے والی سزاؤں اور انکے خلاف عوامی شکایات پر مبنی ریکارڈ شامل ہوں، فوری طور پر تیار کئے جائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ چاہے کتنا ہی بااثر اور طاقتور کیوں نہ ہو، کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور ان کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔