پشاور (مانند نیوز )مفکر اسلام مولانا سید ابولاعلیٰ مودودی ؒکی سربراہی میں 23دسمبر 1947 َٗٗء کو قائم ہونے والی طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ کا 78واں یوم تاسیس صوبہ بھر میں پیر کو منایاگیا،صوبے کے مختلف مقامات،تعلیمی اداروں میں یوم تاسیس پر اجتماعات،سیمینارز وتقاریب کا اہتمام کیاگیا۔جس سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظمین،احباب جمعیت نے خطاب کیا۔اور اسلامی جمعیت طلبہ کی تعلیمی جدوجہد اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔یوم تاسیس کے سلسلے میں سوات،بونیر،چترال،دیر،چارسدہ،ہری پور،بنوں،تیمر گرہ،کرک،ملاکنڈ،صوابی میں تقاریب ہو ئیں۔اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ناظم صاحبزادہ ڈاکٹر وسیم حیدر نے78ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ روشن مستقبل کی نوید ہے جس نے ہمیشہ بنگلہ دیش نامنظوراور ختم نبوت تحریک سے لیکر استحکام پاکستان تک ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بڑی قربانیاں اور اہم کردار ادا کیاہے۔تعلیمی اداروں میں ہرقسم چیلنجزکا مقابلہ کیا۔صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین نے کہا کہ جمعیت ان صالح وباکردار نوجوانوں کا قافلہ ہے،جنہوں نے نوجوانوں کو تعلیم کا شوق آگے بڑھنے کا جذبہ بلکہ زندگی کی حقیقی مقصد سے آگاہی اور دنیا وآخرت کی کامیابی کے لیے ان کی کردار سازی کا بہترین فریضہ سرانجام دیاہے۔وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملک کے روشن وتابناک مستقبل کے لیے دیانتدار قیادت فراہم کی ہے۔آج ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں جمعیت کے تربیت یافتہ افراد اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوارہے ہیں۔