پشاور(مانند نیوز) پشاور میں ایک صوبائی اسٹیک ہولڈرز سیمینار منعقد ہوا، جس کا اہتمام بلو وینز نے نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق خیبر پختونخوا اور ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق، حکومت خیبر پختونخوا کے تعاون سے کیا۔ سیمینار کا مقصد اقلیتی برادریوں کے لیے اہم قانون سازی اور پالیسی کے حوالے سے پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنا تھا، خاص طور پر اعلیٰ تعلیم میں اقلیتوں کے لیے 2% داخلہ کوٹہ اور خیبر پختونخوا کیلاش میرج بل اس گفتگو میں اقلیتوں کو تعلیم تک مساوی رسائی فراہم کرنے اور کیلاش برادری کے ثقافتی و قانونی حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔سیمینار میں مختلف اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، جو شمولیت اور ترقی کے لیے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ نمایاں شرکاء میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن، ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے صوبائی کوآرڈینیٹر، لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر آپریشنز، اور چیف خطیب خیبر پختونخوا شامل تھے۔اس کے علاوہ، رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن، خیبر پختونخوا کمیشن برائے حیثیت نسواں، مختلف سول سوسائٹی تنظیموں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی فعال طور پر حصہ لیا۔ اہم حکومتی محکموں جیسے محکمہ اعلیٰ تعلیم، محکمہ قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق، اور اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور کے نمائندے بھی موجود تھے۔کیلاش کمیونٹی کے نمائندوں کی موجودگی خصوصاً قابل ذکر تھی، جن کی بصیرت اور خیالات نے گفتگو کو تقویت بخشی اور ثقافتی طور پر حساس پالیسی سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانونی اصلاحات اہم ہیں، لیکن معاشرتی رویوں اور طرزِ عمل میں تبدیلی زیادہ مؤثر اوزار ہیں۔ حقیقی ترقی ایک نئے ذہنی رجحان کے ساتھ شروع ہوتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق ان کا استحقاق ہیں، مراعات نہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت ان حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پیش رفت پالیسیوں اور بامعنی شمولیت کے ذریعے پرعزم ہے۔ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے صوبائی کوآرڈینیٹر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم میں اقلیتوں کے لیے 2% داخلہ کوٹہ مساوی مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔ ہم اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور محروم طبقات کے لیے پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر آپریشنز نے کہا کہ کیلاش میرج بل ہماری اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم کالاش برادری کی منفرد ثقافتی شناخت کے تحفظ کے ساتھ ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔کیلاش برادری کے نمائندوں، خصوصاً خواتین قاضیوں، نے اپنی منفرد ثقافتی اور معاشرتی ضروریات کے اعتراف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھی ایک زیادہ جامع اور مساوی معاشرے کے قیام میں اپنے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔مباحثے میں ایسے جامع پالیسی اقدامات پر بات کی گئی جو اقلیتی گروہوں کی فلاح و بہبود اور بااختیاری کو یقینی بناتے ہیں۔ شرکاء نے اب تک کی گئی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور ترقی پسند پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔