کوہاٹ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے عوام الناس پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جائز حقوق کیلئے آواز ضرور اٹھائیں اور انہیں جہاں کہیں خصوصاً سرکاری محکموں اور اداروں میں کسی قسم کی کرپشن، کوئی خامی، ظلم یا ناانصافی نظر آئے تو اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، تب یہ سسٹم ٹھیک ہو گا۔اس پر خاموشی اپنے آپ پر ظلم و ناانصافی کے مترادف ہے۔یہ تاکید انہوں نے گزشتہ رات چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ کے اچانک دورے کے موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کے دوران کی۔وزیر قانون اور چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ نے ہسپتال کے ایمرجنسی اور فارمیسی سمیت مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا اورمریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے بھی طبی سہولیات اور طبی عملے کے برتاؤ کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ جو بھی ملازم سرکاری تنخواہ لے گا اسے ہر صورت کام کرنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہو گا اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ہسپتالوں کے ہر مہینے کم از کم 2 اچانک دورے کریں گے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وزیر موصوف نے ہسپتال باالخصوص واش رومز کی صفائی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس میں فوری بہتری لانے کی ہدایت کی۔