پشاور(مانند نیوز)زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چئیر مین محمد پرویز نے کہا ہے کہ یتیموں اور بے سہارا طبقے کی مدد اور خدمت کرنا فلاحی اداروں کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے یتیم نوجوان پڑھ لکھ کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا قومی جرگہ تحصیل مردان کے چیف آرگنائزر شیر شاہ خان ہوتی کے حجرے میں زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کے مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں رمضان فوڈ پیکج اور تعلیمی پیکج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا۔اجلاس میں مینجمنٹ کمیٹی نے شرکت کی۔ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کے چئیر مین محمد پرویز نے اپنی بر یفینگ میں کہا کہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی(رجسٹرڈ) ایک فلاحی ادارہ ہے جو 2010ء سے ضلع مردان میں سینکڑوں یتیم ولاچار بچوں اور مستحق بیواؤں کو ایک شیڈول کے مطابق مختلف صاحب حیثیت افراد کے تعاون سے بنیادی ضروریات اور سہولیات گھروں پر مفت فراہم کر رہا ہے۔زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی یتیم ولاچار بچوں کو سالانہ بنیاد پرجو سہولیات فراہم کررہا ہے اُس میں دیگر سہولیات کے علاوہ سالانہ تعلیمی پیکج اور رمضان پیکج فراہم کرنا بھی شامل ہے،یہ تعلیمی پیکج اور رمضان پیکج ادارہ 2010ء سے مسلسل ا ن مستحق افراد کو فراہم کررہا ہے،ہر سال جب تمام یتیم ولاچار بچوں کے سکول کے رزلٹ نکلتے ہیں اور یہ بچے نئی کلاسوں میں داخل ہو جاتے ہیں، تو ان مستحق بچوں کو تعلیمی ضروریات کیلئے پیکج فراہم کیا جاتا ہے،اور رمضان المبارک کے مہینے میں خوراک کیلئے راشن دیا جاتا ہے،لہٰذا زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی مختلف صاحب حیثیت افرادکے تعاون سے تقریباً 250 یتیم ولاچار بچوں کو تعلیمی اور رمضان پیکجز فراہم کر رہا ہے، اس پیکج کو کامیابی سے پورا کرنے کیلئے ادارے کے انتظامیہ نے باقاعدہ طور پرایک ڈونیشن مُہم شروع کرنے کا عہد کیا۔