ہنگو (مانند نیوز)ہنگو سٹی پولیس کی بڑی کارروائی 7 کروڑ روپے کی غیر قانونی رقم برآمددو افراد گرفتار تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید مروت کی خصوصی ہدایات پر ڈی پی او محمد خالد خان کی نگرانی میں ضلع بھر میں اہم مقامات پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایس ڈی پی او سٹی امجد حسین کے ہمراہ ایس ایچ او سٹی فیاض خان نے جوزارہ پولیس چیک پوسٹ پر ایک مشکوک ریوو گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا گیا مگر ڈرائیور نے گاڑی بھگا لی مشکوک گاڑی کے فرار ہونے پر ایس ایچ او سٹی فیاض خان آئی ایچ سی قاصد علی اور ایچ سی یاسین نے فوری طور پر گاڑی کا تعاقب شروع کیا حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے گاڑی کو ابراہیم زئی مین روڈ پر روک لیا۔ گاڑی میں دو افراد سوار تھے، جن کی شناخت محمد رفیق ولد گل رحمان، سکنہ ضلع کرم، اور نصیل اکبر ولد گل اکبر، سکنہ ضلع اورکزئی کے طور پر ہوئی پولیس نے جب گاڑی کی تلاشی لی تو اس کی باڈی میں مہارت سے چھپائی گئی 07 کروڑ روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی۔ اتنی بڑی رقم کی برآمدگی کے بعد معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دونوں افراد کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا اور ان سے ابتدائی تفتیش شروع کی گئی۔پولیس تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ رقم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار کا حصہ تھی، جو ممکنہ طور پر غیر قانونی طریقوں سے مختلف شہروں اور سرحد پار منتقل کی جا رہی تھی۔ اس قسم کی رقوم اکثر دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔ہنگو سٹی پولیس نے برآمد شدہ رقم، ریوو گاڑی اور گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کوہاٹ کے حوالے کر دیا، تاکہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جا سکیں اور اس کے پیچھے موجود نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان نے پولیس ٹیم کی مستعدی اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہنگو پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب کیا جائے اور عوام کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی یہ کارروائی نہ صرف قانون کی عملداری کی ایک مثال ہے بلکہ ملکی معیشت اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ایک بڑی کامیابی بھی ہے۔