کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت جمعہ کی شام تحصیل پلازہ کوہاٹ میں تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے اپنی نوعیت کے پہلے کھلی کچہری کاانعقاد کیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنرکوہاٹ عبدالاکرم نے کی۔کھلی کچہرمیں سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہریار خان آفریدی ایم این اے اور چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے خصوصی طور پر شریک ہوئے۔کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران کے علاوہ قومی تعمیرنو محکموں کے سربراہان سمیت بازاروں کے صدور، تاجروں کے نمائندوں اور عمائدین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پربازار کے صدر امیرخان آفریدی نے مہمانوں کوخوش آمدید کہااورکچہری انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مختلف بازاروں کے صدور اور تاجروں نے کھل کر اپنے مسائل پیش کئے جن میں زیادہ ترضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے،ڈبلیوایس ایس سی، بجلی، گیس، صاف پانی، نکاسی آب، لیزاورسیکورٹی سے متعلق تھے۔ تاجروں کی جانب سے ڈبلیو ایس ایس سی،ٹی ایم اے،حلال فوڈ اتھارٹی،انڈسٹریز اورسپورٹس ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کوسخت تنقید کانشانہ بنایا۔ کھلی کچہری میں عوام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل و مشکلات کاحوالہ دیتے ہوئے ایم این اے شہریار خان آفریدی، ایم پی اے شفیع جان اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے مسائل پرہمدردانہ غورکیا جائے گااورتمام سرکاری محکموں اوراداروں کی اصلاح کریں گے۔تاہم تاجر برادری کو بھی غیر قانونی اقدامات،ناجائز تجاوزات اوررکار سرکار میں بے جامداخلت سے گریز کرنا ہوگا۔منتخب نمائندوں نے کہا کہ کوہاٹ کے لوگوں کی عزت انہیں انتہائی عزیز ہے اورکسی بھی سرکاری افسریا اہلکار کولوگوں سے بدتمیزی یاان کی بے عزتی کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ تاجربرادری کو یہاں پر پیش کئے گئے مسائل پر پیش رفت سے آگاہ کرنے کیلئے ایک مہینے کے اندر اندردوبارہ فالو اپ کچہری منعقد کریں گے۔شہریارآفریدی نے پولیس کو دونمبریوں،مختلف مافیازاورفحاشی کے اڈوں پرکریک ڈاؤن کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ کوہاٹ میں باہر کے ضلعوں کے افراد کی کلاس فورآسامیوں پر بھرتی / تعیناتی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔اسی طرح کوہاٹ سے باہرکے لوگوں کی ڈومیسائل بنانے کا بھی از سرنوجائزہ لیاجائے گا۔