درہ آدم خیل (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون،انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے وعدوں سے تکمیل تک کے جاری سفر کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حاجی عابد الرحمن آفریدی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ کوہاٹ کے تحصیل درہ آدم خیل کے علاقہ سنی خیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر 2 سنی خیل کے عمارت کی تعمیرنو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔مذکورہ عمارت کو وزیر موصوف اور شہریار آفریدی ایم این اے کے فنڈز سے 25.581 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سکول ہذا کی عمارت کو گزشتہ دہشت گردی کے لہر میں سخت نقصان پہنچا تھاجس کی وجہ سے اسے دوبارہ تعمیرکرنا پڑی۔ اب اس پر تیزی سے کام جاری ہے اور انشاء اللہ اسے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔وزیر قانون نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیراس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ جاری کام میں فنڈزکی کمی آڑے نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کے ترجیحات میں سرفہرست ہے اورچاہتی ہے کہ قوم کا ہربچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہواوروہ ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔