ایبٹ آباد (مانند نیوز)ایوب میڈیکل کالج، ایبٹ آباد میں محکمہ صحت کی قائمہ کمیٹی کی زیر نگرانی ایوب میڈیکل کمپلیکس کی ایم آر آئی مشین سے متعلق سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی لے چیئر مین ایم پی اے مشتاق احمد غنی نے کی۔ اجلاس میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے ایم آر آئی مشین کی گمشدگی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشتاق احمد غنی نے نشاندہی کی کہ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کمیٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہیں جس سے متعدد سوالات اور کنفیوژن پیدا ہوئی۔چیئر مین نے کہاہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک پیشہ ور آڈٹ فرم کو مالی اور تکنیکی پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے کے لیے مقرر کیا جائے گا۔اس فرم کو کمیٹی مقرر کرے گی۔اس فرم وہ آئندہ ایک ماہ کے اندر اپنی مکمل رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی۔” انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا، "یہ اقدام عوامی اعتماد کو بحال کرنے اور ادارے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ موثر جانچ پڑتال کے بعد ہی تمام شکوک و شبہات دور کیے جا سکیں گے اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے گی۔”چیئر مین نے مزید تاکید کرتے ہوئے کہا، "یہ پیسہ عوام کا ہے، اس میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر ادارہ اس سلسلے میں قصوروار ثابت ہوا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔”اجلاس میں معزز ممبر قومی اسمبلی تاج محمد خان، ساجداللہ خان، عدنان خان، شیلہ بانو، ڈی جی ہیلتھ، ایوب میڈیکل کالج کے دیگر عہدے داران اور متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں، اجلاس میں ڈینٹل چیئر، ڈینٹل بلڈنگ اور میڈیسن سے متعلق دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی جن کا احاطہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ کمیٹی کا عزم ہے کہ عوامی اعتماد کو بحال کیا جائے اور شفافیت کے ساتھ تمام مالی و تکنیکی امور کی جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو سختی سے روکا جا سکے۔