ملاکنڈ (مانند نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حکومت کے ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کا شجرکاری مہم میں حصہ لینا قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملاکنڈ کے علاقہ کوٹ درگئی میں مقامی تنظیم ” نوے سحر فلاحی تنظیم” کی جانب سے منعقدہ شجرکاری مہم کے موقع پر پودا لگانے کے بعد لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمن، محکمہ جنگلات کے ا?فسران، اسسٹنٹ کمشنر درگئی، مقامی تنظیم کے مشران سمیت علاقے کے لوگ بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے کہا کہ شجرکاری کے ذریعے ہی موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، شجرکاری کے ذریعے ہم اپنے صوبے کو سرسبز و شاداب بنائینگے اور ہماری ذیادہ توجہ شجرکاری پر ہے۔ مقامی تنظیم نوے سحر کی جانب سے شجرکاری مہم کے تحت مقامی سطح پر تقریبآ دو ہزار پودے لگائے گئے جبکہ مقامی لوگوں میں تین ہزار پودے بھی تقسیم کئے گئے۔