پشاور (مانند نیوز )خیبر میڈیکل کالج میں ”بک فیئر“ روکنے کیخلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے کے ایم سی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی دھرنادیا۔کیمپس پولیس نے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی۔ پولیس تشدد سے کئی کارکنان اور طلبہ زخمی ہوگئے جس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس تشدد سے ناظم جامعہ پشاور ارشد خان لہو لہان ہوگیا۔کے ایم سی انتظامیہ اور پولیس تشدد کیخلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے مین یونیورسٹی روڈ پر دھرنا دے دیا۔ کارکنان نے کے ایم سی اور پولیس انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے کہا کہ خیبر میڈیکل کالج میں بک فئیر منعقد کرنے والے طلبہ اور کارکنان جمعیت پر خیبر پختونخوا پولیس کا وحشیانہ تشدد اور شیلنگ فسطائیت کی بدترین مثال ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ یہ افسوسناک ہے کہ تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانے والوں کو دبایا جا رہا ہے، جبکہ ہراسانی، منشیات اور دیگر سنگین مسائل پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی برقرار ہے۔ کتاب میلے جیسی مثبت اور علمی سرگرمیوں کو روکنا تعلیمی دشمنی کے مترادف ہے۔ اس طرح کے جبر سے طلبہ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا بلکہ مزاحمت مزید مضبوط ہوگی۔ جمعیت خیبر میڈیکل کالج کے طلبہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کرے گی۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں جبر اور بدانتظامی کے خلاف ہمار ی جدوجہد جاری رہے گی۔ صوبائی ناظم اسفند یارعزت نے کہاہے کہ خیبرمیڈیکل کالج کے طلباء پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔جمہوری معاشرے میں احتجاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے جسے بزور بازو روکنا فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔ کے ایم سی انتظامیہ علم دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سالانہ کتب میلے کے انعقاد کی اجازت نہیں دے رہی۔ جس کے خلاف طلباء گزشتہ دو روز سے احتجاج کررہے ہیں۔ آج اس پرآمن احتجاج پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں کئی طلباء زخمی ہوئے ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ پولیس اور کالج انتظامیہ کی اس شرمناک اور دہشتگردانہ فعل کی مذمت کرتی ہے اور اس کے خلاف بھرپور ردعمل کے حوالے جلد ہی لائحہ عمل اعلان کرے گی۔