وانا (مانند نیوز ) وانا کونسلرز اتحاد کے ایک وفد نے صدر قمر عباس وزیر کی قیادت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وانا آفس کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر قمر عباس وزیر نے دفتر میں موجود سنگین بدانتظامی اور عملے کی غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وانا بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام آفس میں تعینات (AD) نعمان اور (AC) زوہیب کی مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ افسران دفتر میں آنے کی زحمت بھی نہیں کرتے، جبکہ کلاس فور ملازمین بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔صدر قمر عباس وزیر نے مطالبہ کیا کہ وانا سینٹر میں ایسے افراد کو بھرتی کیا جائے جو مقامی باشندوں کی مدد کر سکیں اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل برمل اور تحصیل توئی خلہ کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام ضروری سامان کی فراہمی ہو چکی ہے، لیکن بدقسمتی سے ابھی تک یہ مراکز فعال نہیں کیے جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ انگوراڈا اور شکئی کے لیے بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹرز کی منظوری دی جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر تحصیل کونسل اپوزیشن لیڈر چیئرمین احمد خان وزیر نے بھی وانا سینٹر میں عملے کی کمی اور ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرانے کے باوجود نہ تو عملے کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی موجودہ سٹاف کی ناقص کارکردگی پر کوئی کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دفتر میں عوام کے لیے چیک اینڈ بیلنس کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جس کے باعث شہری روزانہ دور دراز سے اپنے مسائل لے کر دفتر آتے ہیں لیکن مایوسی کے ساتھ واپس لوٹ جاتے ہیں۔ احمد خان وزیر نے انکشاف کیا کہ وانا کا مرکزی بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر عملی طور پر غیر فعال ہے اور اسے AD نعمان اور AC زوہیب ڈیرہ اسماعیل خان سے دور بیٹھ کر چلا رہے ہیں، جبکہ انہوں نے اب تک وانا دفتر کا دورہ تک نہیں کیا۔ شناختی دستاویزات کی تصدیق، اندراج اور رجسٹریشن جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی کوئی مؤثر انتظام موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صوبائی سطح پر بھی اٹھایا جا چکا ہے، لیکن اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ احمد خان وزیر اور دیگر رہنماؤں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر وانا سینٹر کے مسائل حل کیے جائیں اور اسے مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔