کوہاٹ (مانند نیوز )خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہیں ترقیاتی لائحہ عمل سمیت قدم قدم پر اعتماد میں لیں گے اور ان کے باہمی مشاورت سے آگے بڑھیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پی ٹی آئی کے تحصیل درہ آدم خیل کے سینئر رہنما حاجی عابد الرحمن کے حجرے میں پی ٹی آئی کوہاٹ کے پارٹی کارکنوں کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پارٹی کارکنوں سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور ان کی رائے لی گئی۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد ترقیاتی لائحہ عمل طے کیا گیا۔آفتاب عالم نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے جس مشکل وقت میں پارٹی اور اس کے قائدین کا ساتھ دیا اور ظلم و بربریت کا مقابلہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ہم ان کے لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں بھولنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔وزیر قانون نے کہا کہ ہم کارکنوں کے ساتھ مل کر بڑھیں گے اور انشائاللہ ملکر کوہاٹ کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔پارٹی کارکنوں نے وزیر موصوف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ترقیاتی لائحہ عمل میں انہیں شامل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔