کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم اور ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر نے رمضان پیکج کے مستحقین سے زائد رقم وصول کر نے کی شکایات پر فوری کاروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو موقع پر بھجوا کر شکایات کی تصدیق کی جس پر متعدد دکانداروں کو حسب ضابطہ گرفتار کرکے ان کی دکانیں سیل کر دیئے۔اس موقع پر عوام پر واضح کر دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک پیکج کے تحت مستحق افراد کو 10ہزار روپے بغیر کسی چارجز کے دیئے جا رہے ہیں۔جو بھی دکاندار اضافی رقم وصول کرے گا اس کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کے افسران نے اپنے اضلاع کے مختلف بازاروں میں واقع دیگر جاز کیش سنٹرز کا بھی دورہ کیا اور مستحقین میں رقم کی بلا تعطل تقسیم جاری رکھنے کو یقینی بنایا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ اگر کوئی دکاندار مستحقین کی رقم میں سے کٹوتی کرے تو فوراً اس کا نام اور پتہ ڈپٹی کمشنر کے آفسز کے ساتھ شئیر کریں تاکہ اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاسکے۔ یاد رہے کہ مستحقین کو 10 ہزار روپے مکمل ملیں گے، دکاندار کو ہر ٹرانزیکشن پر الگ معاوضہ دیا جاتا ہے، لہٰذا جو دکاندار مستحقین کی رقم میں کٹوتی کرے گا، وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہو گا۔