ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن کی زیر صدارت عید الفطر کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) ملاکنڈ، اسسٹنٹ کمشنر درگئی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ و درگئی اور تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید کے دوران امن و امان کو قائم رکھنے، صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانی، بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر سخت پابندی، ہسپتالوں میں 24/7 گھنٹے ایمرجنسی کو بحال رکھنے اور دریا کے کناروں پر حفاظتی اقدامات جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ عید کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کیلئے امن و امان کو برقرار رکھا جائے، پیٹرولنگ بڑھائی جائے، جرائم کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں، صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے، چاند رات میں خصوصاً ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ون ویلنگ اور تیز رفتاری کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے، ہسپتالوں میں 24/7 گھنٹے ایمرجنسی بحال کی جائے اور دریاؤں کے کنارے پر حفاظتی اقدامات سخت کی جائیں تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔