سخاکوٹ (مانند نیوز) درگئی مچئی برانچ نہر میں موٹر کار کے گرنے کے نتیجے میں 5۔افراد جان بحق جبکہ ایک شخص بال بال بچ گیا۔ علاقہ عوام کی اطلاع پر ریسکیو 1122والوں نے فوری طور موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نہر سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی پہنچایا۔تفصیلات کے مطابق ایک موٹر کار جس کا نمبر معلوم نہیں جوروالپنڈی سے دوبندئی تحصیل درگئی آرہی تھی جسے ڈرائیور امتیاز حسین ولد نور حسین ساکن اسلام آباد چلا رہا تھا۔ جوں ہی براستہ لوند خوڑ مردان سے نکل کررات تقریباً ایک بجہ افغان مہاجرکیمپ کے قریب خٹکو شاہ کے مقام پر پہنچی تو موٹر کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر مچئی برانچ نہر میں گر گئی۔ جس کے نتیجے میں ڈرائیور امتیاز حسین ولد نور حسین ساکن اسلام آباد سمیت مسماۃ رضیہ بیوہ سعید شاہ مرحوم، مسماۃ مدیحہ اور مسماۃ آسماء دختران سعید شاہ مرحوم اور کمسن بچی مناحل ساکنان درگئی پھاٹک حال راولپنڈی نہر میں ڈوب کر جان بحق ہوگئے۔ جبکہ اسماعیل ولد سعید شاہ مرحوم ساکن درگئی پھاٹک حال دوبندئی تحصیل درگئی معجزانہ طور پر بچ گیا۔ بچ جانے والے اسماعیل نے فوری طور پر علاقہ عوام کو امداد کیلئے پکارا۔ علاقہ کے عوام نے ریسکیو 1122کو اطلاع دی۔جو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقہ عوام کی مدد سے جان بحق افراد کی لاشیں نہر سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی منتقل کردیں۔