پشاور(مانند نیوز) پائیدار تمباکو اور نکوٹین کنٹرول کے لیے صوبائی اتحاد خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام سرکاری دفاتر سے فوری طور پر قائداعظم محمد علی جناح کی وہ تصاویر ہٹانے کے احکامات جاری کریں جن میں وہ سگریٹ پیتے یا ہاتھ میں سگریٹ تھامے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔اتحاد نے کہا ہے کہ قائداعظم جیسی عظیم شخصیت جو ہمارے قومی اتحاد، دیانت اور قیادت کی علامت ہیں، ان کی ایسی تصاویر کا سرکاری دفاتر میں آویزاں ہونا ایک گمراہ کن پیغام دیتا ہے۔ یہ ایک ایسے وقت میں خاص طور پر تشویشناک ہے جب خیبر پختونخوا اور پاکستان تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نبرد آزما ہیں۔پاکستان، تمباکو کنٹرول سے متعلق بین الاقوامی معاہدے فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول (FCTC) کا رکن ہے، اور ملک میں تمباکو نوشی کے خلاف مقامی قانون انسداد تمباکو نوشی اور غیر تمباکو نوش افراد کے تحفظ کا آرڈیننس 2002 نافذ العمل ہے جو واضح طور پر عوامی مقامات، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد کرتا ہے۔ ان قوانین کی روح کے منافی ایسی تصاویر کا سرکاری دفاتر میں موجود ہونا حکومت کی اپنی کوششوں کو کمزور کرتا ہے۔معروف وکیل اور اتحاد کے رکن فیاض آفریدی ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائداعظم کی تمباکو نوشی کرتے تصاویر عوامی دفاتر میں لگانا تمباکو کے استعمال کو معمول کا عمل دکھاتا ہے جو کہ نہ صرف قانون کے خلاف ہے بلکہ صحت عامہ کے پیغامات کے بھی خلاف ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ آرڈیننس 2002 کی شق 4 کے تحت عوامی مقامات پر تمباکو نوشی ممنوع ہے اور اگرچہ تصاویر بذات خود سگریٹ نوشی کے مترادف نہیں، مگر ان کا معاشرتی رویوں پر اثر ضرور پڑتا ہے۔ عوامی اداروں کو انسداد تمباکو رویوں کی نمائندگی میں صف اول کا کردار ادا کرنا ہوگا۔اتحاد نے چیف سیکرٹری کے دفتر کو باقاعدہ درخواست دی ہے کہ وہ تمام سرکاری اداروں کو ہدایت نامہ جاری کریں تاکہ ایسی تصاویر کو فوراً ہٹایا جائے اور دفاتر میں ”سگریٹ نوشی ممنوع ہے” کے بورڈز آویزاں کیے جائیں جیسا کہ قانون کا تقاضا ہے۔سماجی رہنما اور انسداد تمباکو کے حامی، قمر نسیم نے کہا کہ تمباکو کنٹرول صرف صحت کا معاملہ نہیں بلکہ ایک سماجی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ تصاویر اہم ہوتی ہیں، علامتیں اہم ہوتی ہیں، اور سرکاری ادارے اس سلسلے میں مثال بنیں تاکہ ہم اپنے نوجوانوں اور معاشرے کو صحت مند سمت میں لے جا سکیں۔اتحاد نے میڈیا، سول سوسائٹی اور عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس اقدام کی حمایت کریں تاکہ خیبر پختونخوا کو تمباکو سے پاک صوبہ بنانے کے قومی عزم کو مضبوط کیا جا سکے۔