کوہاٹ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”’عوامی ایجنڈا“کے تحت ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی جانب سے خصوصی ہفتہ صفائی مہم کا افتتاح کے ڈی اے کوہاٹ سے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوہاٹ حامد اقبال نے ٹی ایم او محمد شعیب کے ہمراہ پُرانا لاری اڈہ سے کیا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز و قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر سعد قریشی اور سپروائزرز سمیت سینیٹیشن سٹاف بھی موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ بذات خود اس خصوصی صفائی مہم کی نگرانی کریں گے۔ اس خصوصی مہم کے تحت ضلع کوہاٹ میں خصوصی صفائیاں کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں. یہ ہم سب کی قومی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ مذہبی ذمہ داری بھی ہے کیونکہ ہمارے مذہب اسلام میں صفائی کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے عوام سے کہا کہ اس صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کا ساتھ دیں۔یہ خصوصی صفائی مہم پورا ہفتہ جاری رہے گی۔