بریکوٹ ( مانند نیوز) فلسطین پر جاری مظالم اور نہتے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کے خلاف حق پرست پینل بریکوٹ ٹریڈ یونین کی جانب سے بریکوٹ بازار میں ایک شاندار اور پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس مظاہرے کی قیادت سابقہ صدر بریکوٹ ٹریڈ یونین، معراج الدین نے کی، جن کی سرپرستی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کر کے فلسطینی عوام کے ساتھ دلی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ معراج الدین نے اپنے جذباتی خطاب میں کہافلسطین کے نہتے عوام پر جو مظالم ہو رہے ہیں، وہ انسانیت کے خلاف ہیں۔ اگر حکومت ہمیں جہاد کی اجازت دے تو ہم سب صفِ اول میں کھڑے ہوں گے۔ ہم اپنی جان، مال اور وقت فلسطینی عوام کی حمایت میں پیش کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ حکومت وقت، مسلم حکمرانوں اور عالمی ضمیر کو اب جاگ جانا چاہیے۔ ظلم کے خلاف خاموشی، ظلم کی حمایت کے مترادف ہے۔حاجی بادشاہ گل خان باٹی خیل سابقہ سینئر نائب صدر بریکوٹ ٹریڈ یونین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہر مسلمان کو اب اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ ہم جو کر سکتے ہیں، ہمیں لازمی کرنا چاہیے۔ ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے، کیونکہ ہمارا ایک ایک روپیہ بھی اگر اسرائیل کو مضبوط کر رہا ہے تو ہم اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ بائیکاٹ صرف نعرہ نہیں، یہ ایک مؤثر ہتھیار ہے۔سابقہ جنرل سیکرٹری جمشید لالا، عزیزاللہ، اور موجودہ صدر عزیز احمد نے بھی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: "یہ وقت اتحاد، بیداری اور عملی اقدامات کا ہے۔صرف دعا کافی نہیں، ہمیں ہر ممکن ذریعہ اختیار کرنا ہوگا تاکہ فلسطینی عوام کو یقین ہو کہ دنیا بھر کے مسلمان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے مظالم کا نوٹس لے اور فلسطینیوں کو ان کا حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ مظاہرین نے فلسطینی شہداء کے لیے دعا مغفرت، زخمیوں کے لیے صحت اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔مظاہرہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا، مگر شرکاء کے عزم اور جوش نے یہ پیغام دیا کہ فلسطین کی حمایت میں آواز ہمیشہ بلند کی جاتی رہے گی، اور ظلم کے خلاف یہ جدوجہد رکنے والی نہیں۔