اسلام آباد (مانند نیوز)پاکستان نے ٹیکٹیکل بلاسٹک میزائل ابدالی کے بعد فتح میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کر لیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی اسٹریٹجک کمانڈ کے سائنسدان و انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے، یہ تجربہ ’ایکس انڈس‘ مشق کے تحت کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ میزائل میں جدید نیویگیشن سسٹم اور اعلیٰ درستگی شامل ہے، تجربے کا مقصد فوجی تیاری اور تکنیکی صلاحیت کی جانچ ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے کامیاب میزائل تجربے پر انجینئرز اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے بھی میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی گئی۔
صدرِ مملکت نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے والوں کی کاوشوں کو سراہا اور ملکی سلامتی اور دفاع یقینی بنانے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کا ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ
واضح رہے کہ 3 مئی کو پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
اس تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی پہلوؤں کی جانچ تھی۔ ابدالی میزائل کی رینج 450 کلو میٹر ہے۔