لوئر دیر (مانند نیوز)دیر بالا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران 6 کنال اراضی پر قائم دکانوں اور زیر تعمیر رہائشی تعمیرات کو ہٹادیا گیا۔ کئی ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا،ڈپٹی کمشنر دیر بالا اکبر کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر واڑی عبدالقیوم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انعام اللہ خان، تحصیل میونسپل آفیسر محمد ادریس، اور محکمہ آبپاشی کے سب انجینئر کی زیر نگرانی واڑی سب ڈویژن میں بمقام بانڈو شور گرو(پنجکوڑہ دریا کے کنارے) غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران تقریباً 6 کنال اراضی پر قائم غیر قانونی دکانوں اور زیر تعمیر رہائشی تعمیرات کو ہٹا دیا گیا۔ یہ کارروائی مقامی قوانین اور عدالتی احکامات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔واضح رہے کہ یہ آپریشن تجاوزات کے مکمل خاتمے تک تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ دیر بالا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات سے اجتناب کریں اور ضلعی قوانین پر عمل درآمد میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ اس کے علاوہ دریائے کوہستان کے کنارے قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ دیر بالا نے مؤثر گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شرینگل عامر شہزاد خٹک کی نگرانی میں کمراٹ میں دریائے کوہستان کے کنارے متعدد ہوٹلز کو سیل جبکہ عارضی تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔آپریشن میں ٹی ایم اے کلکوٹ اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ، دیر لیویز اور مقامی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عامر شہزاد خٹک نے کہا کہ ”دریائے کوہستان اور دیگر ندی نالیوں پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، یہ آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا جب تک دریائے کوہستان کے کنارے تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو جائے۔”عوامی حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کی اس جرات مندانہ کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دیر سہیل احمد کی نگرانی میں دیر چکیاتن میں دریائے پنجکوڑہ کے کنارے ریور ایکٹ کے خلاف ورزی پر متعدد ہوٹلز کو سیل کر دیا گیا۔آپریشن میں ٹی ایم اے دیر اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ، دیر لیویز اور مقامی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔