ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ حامد الرحمٰن کے زیرِ صدارت ضلع میں جاری ”بگ کیچ اپ” ایکٹیویٹی میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملاکنڈ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ملاکنڈ، ای پی آئی کوآرڈینیٹر، محکمہ صحت کے نمائندوں اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے پچھلے ایک ہفتے کی بگ کیچ اپ ایکٹیویٹی کا ڈیٹا پیش کیا گیا اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ نے تمام ٹیموں کی کارگردگی کا بغور جائزہ لیا اور مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز، حامد الرحمٰن نے موٹروے ٹول پلازہ پر قائم جوائنٹ چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ نے چیک پوسٹ پر تعینات تمام متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کی حاضری چیک کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر، مربوط اور شفاف بنائیں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔