پشاور (مانند نیوز)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا اسفندیار عزت نے کہاہیکہ تعلیم اور امن لازم و ملزوم ہیں۔ بدامنی صرف ایک رُخ کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کے اثرات تعلیم، معیشت،قانون صحت اور تجارت سمیت معاشرے کے تمام شعبہ جات پر پڑ رہے ہیں۔ پشاور میں امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ جنوبی وزیرستان اور بنوں میں متعدد تعلیمی ادارے بند ہوچکے ہیں اور کئی تعلیمی ادارے سیکیورٹی فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں تبدیل کر دیے گئے ہیں،حکومت کی عدم توجہی کے باعث تعلیمی شعبہ پہلے ہی زوال کا شکار تھا، رہی سہی کسر دہشت گردی اور مسلسل بدامنی نے پوری کر دی ہے۔ اسفندیار عزت نیجرگہ میں وفد کے ہمراہ شرکت کی،ناظم پشاورحسن امین،چیف ایڈیٹرشاھین ڈائجسٹ قاضی محمد عباس،سیکرٹری اطلاعات رومان ایوب معاونین سوشل میڈیا الیاس جبار اور عمرآفریدی ان کے ہمراہ تھے۔ اسفندیار عزت نے نشاندہی کی کہ آپریشن ضربِ عضب اور دیگر عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں طلبہ تعلیمی اداروں سے محروم ہوگئے، اساتذہ بے روزگار ہو گئے اور کئی اسکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجز میں زیرتعلیم قبائلی طلبہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اپنے گھروں کو نہیں جا سکتے۔ حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان میں میٹرک کے امتحانات بھی بدامنی کی وجہ سے ملتوی کر دیے گئے، جو تعلیمی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ جب تک امن قائم نہیں ہوگا، تعلیم ممکن نہیں، اور تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔ اسفندیار عزت نے مطالبہ کیا کہ سابقہ فاٹا سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر "تعلیمی ایمرجنسی” نافذ کی جائے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ان علاقوں میں تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی نصاب میں نفسیاتی کونسلنگ کو شامل کیا جائے تاکہ طلبہ ذہنی دباؤ سے محفوظ رہ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ یونینز کی بحالی ناگزیر ہے تاکہ نوجوان نسل کو جمہوری تربیت ملے اور پارلیمنٹ میں سنجیدہ و بالغ قیادت پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جاری بدنظمی اور سیاسی عدم برداشت کی ایک بڑی وجہ طلبہ یونینز کا نہ ہونا ہے۔ طلبہ یونین کو فوری بحال کیا جائے۔وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی، سماجی اور ادارہ جاتی اسٹیک ہولڈرز متحد ہو کر قومی سطح پر امن و امان کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔