پشاور (مانند نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیم 2 نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مردان کے علاقے دوران آباد کاٹلنگ روڈ پر قائم ایک غیر لائسنس یافتہ بیکری یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے تقریباً 600 کے قریب خراب، گندے اور بدبو دار انڈے برآمد کیے گئے۔یہ انڈے بیکری مصنوعات جیسے کہ بسکٹس، کیک اور دیگر اشیاء میں استعمال کیے جا رہے تھے اور انہیں مردان کے مختلف علاقوں میں تقسیم کیا جانا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی رقیہ نواز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس وقت کارروائی کی جب خراب انڈے بیکری کے اندر تیار ہونے والے سامان میں استعمال کیے جا رہے تھے۔ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیکری مالکان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔چھاپے کے دوران مزید انکشاف ہوا کہ بیکری میں ناقص اور مضر صحت تیل استعمال کیا جا رہا ہے، صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہیں، اور ملازمین کے پاس میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ ان سنگین خلاف ورزیوں پر بیکری یونٹ کو فوری طور پر سربمہر کر دیا گیا اور مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت جرمانہ اور دیگر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔