پشاور (ًمانند ںیوز)نیشنل یوتھ والنٹیئر نیٹ ورک خیبرپختونخوا نے وی ایس او اور برگد کے زیر اہتمام گلوبل شیپرز اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تعاون سے ہفتہ کے روز ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افئیرز پشاور میں ایکٹو پراجیکٹ کے تحت نوجوانوں کی ترقی اور جامع شمولیت پر ایک روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا۔ اس ٹریننگ کا مقصد نوجوانوں کو جامع ترقی، سماجی احتساب اور ماحولیاتی بہتری سے متعلق آگاہی، مہارت اور قیادت کی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا تھا۔ "نوجوانوں کی رضاکارانہ خدمات کے ذریعے تبدیلی کی قیادت”” کے عنوان سے منعقدہ اس تربیتی نشست میں صوبے بھر سے 30 سے زائد نوجوان رضاکار، طلباء، نوجوان پیشہ ور افراد اور کمیونٹی رہنما شریک ہوئے۔ سیشنز میں رضاکارانہ خدمات کے عالمی معیارات، سماجی احتساب، معذور افراد کی شمولیت پر مبنی منصوبہ بندی، اور ماحولیاتی تعلیم جیسے موضوعات پر آگاہی دی گئی۔ شرکاء نے عملی سرگرمیوں، گروہی مباحثوں اور انٹرایکٹو سیشنز میں بھرپور حصہ لیا جنہوں نے باہمی سیکھنے، تعاون، شمولیت اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیا۔ ٹریننگ میں شریک رضاکار ماریہ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ یہ تربیت میرے لیے بہت متاثر کن رہی، اس نے مجھے سکھایا کہ ہم نوجوان کس طرح جامع اور پائیدار ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں، اور اس طرح کے مواقع ہمارے اعتماد کو بڑھاتے ہیں اور ہمیں مثبت تبدیلی کے لیے تیار کرتے ہیں۔ تربیت کے منتظم شہاب کا کہنا تھا کہ اس تربیت کا مقصد نوجوانوں کو وہ علم، اوزار اور اقدار فراہم کرنا تھا جن کی انہیں اپنے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ضرورت ہے۔ نشست کا اختتام اسناد کی تقسیم کی تقریب سے ہوا جس میں شرکاء کی لگن اور بھرپور شرکت کو سراہا گیا۔ یہ تربیت ایکٹو پراجیکٹ کا حصہ تھی، جو احتساب، ماحولیاتی لچک، شفافیت، شمولیت، رضاکاریت اور شراکت جیسے تصورات کو فروغ دے کر پاکستان میں نوجوانوں کی قیادت میں ترقی کے کلچر کو پروان چڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔