سوات(مانند نیوز)سوات میں 4 اگست "یومِ شہدائے پولیس” کے موقع پر جاوید اقبال شہید پولیس لائن کبل میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت، ڈی پی او سوات محمد عمر خان، سول فوجی حکام ،شہداء کے لواحقین، معززین علاقہ اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ "پولیس شہداء نے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اُن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ہم شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔”ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت نے کہا کہ یومِ شہداء ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت آج ہم پُرامن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
تقریب کے دوران شہداء پولیس کے بچوں کو حالیہ میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی پر توصیفی اسناد اور تمغے دیے گئے، جبکہ بعض کو پی ایس آئی کے طور پر بھرتی کے آرڈرز بھی جاری کیے گئے۔ملی نغمے، تقاریر، اور قومی جذبے سے سرشار مناظر کے بعد تقریب کا اختتام شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی پر ہوا۔