ہزارہ (مانند نیوز)ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے علاج کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے جو کہ اس خطے کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔اس جدید سہولت کا باقاعدہ افتتاح بہت جلد متوقع ہے۔ اس موقع پر چیرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے کینسر وارڈ اور فارمیسی کا خصوصی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ممبر بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب منان، ادارے کے اعلیٰ افسران اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے.کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی مہنگی ادویات جن کی قوتِ خرید اکثر مریضوں کے پاس نہیں ہوتی، ان میں سے اکثر ادویات اب مریضوں کو مفت فراہم کی جائیں گی۔ یہ سہولت نہ صرف ہزارہ بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کے لیے بھی باعثِ رحمت ثابت ہوگی جنہیں ماضی میں علاج کے لیے پشاور جانا پڑتا تھا۔یہ سہولت ایوب ٹیچنگ ہسپتال کو خیبر پختونخوا کے ایم ٹی آئی اداروں میں دوسرا ایسا ادارہ بناتی ہے جہاں کینسر کے مریضوں کا علاج ممکن بنایا گیا ہے۔ اس اہم اقدام کے پیچھے چیرمین بی او جی پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل کی دن رات کی انتھک محنت اور ادارے کی ترقی کے لیے عزم کارفرما ہے۔ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ اس سہولت کو عوام کے لیے ایک نئے عزم کے ساتھ مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔