لویر دیر(مانند نیوز)جماعت اسلامی لوئر دیر کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر اور یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے ہیڈ کوارٹر تیمرگرہ میں ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے امیر اور سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کی۔ مظاہرین نے بلامبٹ سے گورگوری چوک تک تین کلومیٹر طویل احتجاجی مارچ کیا، جس میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر و سابق ایم این اے مولانا اسد اللہ خان، ضلعی و تحصیل قیادت، عوامی نمائندگان اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے کشمیر و فلسطین کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر آزادی، استقامت اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے والے نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عنایت اللہ خان نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کو ختم کر کے کشمیری عوام کی شناخت، خودمختاری اور بنیادی انسانی حقوق پر حملہ کیا، جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس وقت کی وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کی مبینہ حمایت سے یہ بھارتی اقدام ممکن ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کا جغرافیائی، تاریخی اور مذہبی حصہ ہے، جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں، جن کے سائے میں وادی ایک کھلی جیل بن چکی ہے، جبکہ لاکھوں کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مقدمے کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے حوالے سے ازسر نو مؤثر اور جارحانہ پالیسی تشکیل دی جائے اور عالمی برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔فلسطین کے حوالے سے مقررین نے کہا کہ غزہ پٹی اس وقت انسانی تاریخ کا بدترین قبرستان بن چکی ہے، جہاں اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں گزشتہ دس ماہ کے دوران 60ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور دو لاکھ سے سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کا فوری اجلاس بلایا جائے اور فلسطینیوں کی حمایت میں عملی اقدامات کیے جائیں۔ریلی کے اختتام پر مظاہرین نے اقوام متحدہ، او آئی سی، اسلامی دنیا اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری و فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں اور ان کے حق خود ارادیت اور آزادی کی راہ ہموار کریں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے