کوہاٹ (مانند نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ”5 اگست کے احتجاجی کال“کے تحت کوہاٹ، کرک، اورکزئی اور ہنگو کے اضلاع میں وہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کی زیرقیادت عظیم الشان مگر پُرامن ریلیاں نکالی گئیں جن میں پارٹی کارکنوں، آئی ایس ایف، سول سوسائٹی کے افراد، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ان کی ناحق قید کو سیاسی انتقام قرار دیا۔ شرکاء عمران خان کی ناحق قید سے فوری رہائی اور ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کر رہے تھے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر”’عمران خان کو رہا کرو!“،”’ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہمارا حق ہے“، ”’عمران خان اس قوم کی امید ہے“وغیرہ کے نعرے درج تھے۔کوہاٹ میں ریلی کی قیادت صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ اور اراکین صوبائی اسمبلی داؤدشاہ آفریدی اور شفیع جان کررہے تھے۔ضلع کرک میں ریلی کی قیادت صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال،ایم این اے شاہد خٹک اور ایم پی اے خورشید خٹک نے کی۔اسی طرح قبائلی ضلع اورکزئی میں ریلی کی قیادت ایم پی اے اورنگزیب اورکزئی جبکہ ضلع ہنگو میں ایم این اے یوسف خان اور ایم پی اے شاہ تراب خان کر رہے تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عمران خان اس وقت ملک کے سب سے بڑے اور عظیم عوامی لیڈر ہیں جنہیں ایک سازش کے تحت قید ناحق میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے عمران خان کی رہائی کیلئے ہر سطح پر آئینی اور جمہوری جنگ لڑنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ اس جہد مسلسل میں پاکستان کے غیور عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کارکنوں کے انتھک حوصلے کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے کہا کہ عمران خان اس قوم کی امید ہیں، اُن کی غیر قانونی گرفتاری عوام کے حقوق پر حملہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔تمام ریلیاں اپنے منزل مقصود پر پہنچ کر پرامن طور پر منتشر ہو گئیں۔ شرکاء نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ وہ اپنے محبوب قائد عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اپنا پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔