پشاور (مانند نیوز)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا اسفندیار عزت نے صوبے میں دہشتگردی، بدامنی اور خوف کی فضا کے خلاف "پرامن خیبرپختونخوا مہم” کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہم کے ذریعے نوجوان نسل کو امن، شعور اور مثبت طرزِ فکر کی طرف راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اس مہم کے تحت صوبہ بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی جن میں امن کانفرنسز، احتجاجی مظاہرے، اسٹڈی سرکلز اور واکس شامل ہوں گے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ کو معاشرتی کردار ادا کرنے کی جانب ابھارنا اور امن کی فضا کو مضبوط بنانا ہے۔ اسفندیار عزت نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان دہشتگردی اور خوف کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں اور قیامِ امن کی جدوجہد میں صفِ اول کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلبہ برادری سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اپنے تعلیمی اداروں،اور رہائشی حلقوں میں امن کا پیغام عام کریں، اور معاشرتی سطح پر مثبت تبدیلی کی تحریک میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے دہشتگردی، بدامنی اور پرتشدد واقعات نے نہ صرف معاشرے کو عدم استحکام کا شکار کیا بلکہ طلبہ کمیونٹی بھی براہ راست متاثر ہوئی ہے۔ تعلیمی ادارے نشانہ بنے، طلبہ کی تعلیم، ذہنی سکون اور مستقبل داؤپر لگا رہا۔ ایسی صورتحال میں نوجوانوں کو متحرک کرنا اور انہیں امن کے سفیر کے طور پر میدانِ عمل میں لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جمعیت اپنی تاریخ اور روایات کے مطابق امن کے قیام میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔