پشاور(مانند نیوز) صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی مردان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر شمسی روڈ پر واقع ایک گودام میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً دو ہزار سے زائد کریک اور غیر معیاری انڈے برآمد کر لیے۔ ان انڈوں کو مختلف ہوٹلوں، بیکریوں اور کھانے پینے کے دیگر مراکز کو سپلائی کیا جا رہا تھا، جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔کارروائی کے دوران برآمد شدہ تمام انڈے موقع پر ہی ڈمپنگ سائیٹ منتقل کر کے تلف کر دیے گئے، جبکہ گودام کے مالک کو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی، میڈیکل سرٹیفکیٹ کی عدم دستیابی، صفائی کی ناقص صورتحال اور انسانی صحت سے کھیلنے پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔فوڈ سیفٹی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر رقیہ نواز خان کا کہنا تھا کہ مردان ٹیم خوراک میں جعل سازی اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت و تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی، اور کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔