وانا (مانند نیوز) رکنِ قومی اسمبلی زبیر خان وزیر نے جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں محکمہ لائیو اسٹاک کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ضلعی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر نور سلطان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ایم این اے زبیر خان وزیر نے محکمے کے مختلف شعبہ جات بشمول میڈیسن روم، لیبارٹری اور آپریشن روم کا معائنہ کیا اور سہولیات کی صفائی، افادیت اور عملی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔بعدازاں ضلعی ڈائریکٹر ڈاکٹر نور سلطان کے ساتھ ملاقات میں علاقے میں لائیو اسٹاک سے وابستہ مسائل، جانوروں کی بیماریوں، ویکسینیشن کے عمل، فارمرز کی تربیت اور سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ایم این اے زبیر وزیر نے اس موقع پر حکام کو ہدایت دی کہ جانوروں کی صحت کے لیے فراہم کردہ سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مقامی کسانوں اور چرواہوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ قبائلی اضلاع، خصوصاً وزیرستان میں روزگار اور غذائی ضروریات کی تکمیل کا ایک اہم ذریعہ ہے، لہٰذا اس کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔