کراچی (مانند نیوز) جناح گورنمنٹ کالج ناظم آباد میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ و جلسہ سیرت النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس پرنور تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔ محفل میں نعتیہ کلام اور تقاریر کے ذریعے طلبہ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا جبکہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں درود و سلام کا سلسلہ بھی جاری رہا، جس سے ماحول عقیدت و محبت سے گونج اٹھا۔تقریب کی صدارت پرنسپل جناح گورنمنٹ کالج پروفیسر سید کامران کاظمی نے کی جبکہ ڈائریکٹر کالجز کراچی ریجن قاضی ارشد حسین صدیقی اور چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن فقیر محمد لاکھو بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مقررین نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے۔ شرکاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ ہمارے لیے سب سے بڑے رول ماڈل ہیں اور ان کی تعلیمات پر عمل ہی اصل کامیابی کا راستہ ہے۔پروگرام کے اختتام پر مہمان خصوصی قاضی ارشد حسین صدیقی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں ملکی سلامتی، اتحادِ امت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔