اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)سعودی عرب کا ’گو ٹیلی کمیونی کیشنز گروپ‘ اس ماہ پاکستان میں ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہب کا آغاز کرے گا، تاکہ مشترکہ طور پر ڈیجیٹل حل تیار کیے جا سکیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے۔
یہ اعلان وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشنز شزا خواجہ کے سعودی عرب کے دورے کے دوران سامنے آیا، جہاں انہوں نے سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے تحت دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی۔
وزارت آئی ٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے ریاض میں گو ٹیلی کمیونی کیشنز گروپ کے سی ای او یحییٰ بن صالح المنصور سے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، مصنوعی ذہانت اور انسانی سرمائے کی ترقی کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق شزا خواجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ترقی اور ڈیجیٹل پیش رفت کی بنیاد پر قائم ایک گہری اور ترقی پذیر شراکت داری رکھتے ہیں۔