دیر پائین(مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر دیر پائین محمد عارف خان کے احکامات کی روشنی میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS)، لوئر دیر برانچ نے اسسٹنٹ کمشنر لال قلعہ باقر علی کے ساتھ ایک رابطہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر باقر علی نے PRCS کی خدمات کو سراہا اور RASB (رسک آگاہی اور محفوظ رویہ) ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ تحصیل لال قلعہ کے مختلف دیہات میں جنگی باقیات (Explosive Remnants of War – ERW) سے متعلق آگاہی سیشنز کا انعقاد کریں۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے، PRCS لوئر دیر برانچ نے گاؤں فضل آباد کوٹکے میں ایک RASB آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔یہ سیشن ایک افسوسناک واقعے کے تناظر میں منعقد کیا گیا، جس میں ایک 20 سالہ نوجوان مکئی کی فصل کاٹتے ہوئے مارٹر گولے کے پھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔ سیشن کا مقصد غیر پھٹے بارودی مواد (UXO) سے لاحق خطرات کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنا اور کمیونٹی میں محفوظ طرزِ عمل اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا تھا۔ اس آگاہی سیشن میں مقامی علاقوں کے بڑی تعداد میں مرد و نوجوانوں نے شرکت کی۔ کمیونٹی کے قومی لوگوں نے اس اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے آگاہی سیشنز مستقبل اس قسم کے افسوسناک واقعات سے بچاؤ کے لیے نہایت اہم ہیں۔پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کمزور اور متاثرہ طبقات میں تحفظ، لچک، اور انسانی ہمدردی کے شعور کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔