ہنگو(فرمان اللہ اورکزئی سے) ضلعی انتظامیہ ہنگو کا ڈی نوٹیفائیڈ مہاجرین کیمپوں سے متعلق اجلاس، نوجوانوں کیلئے مفت ڈیجیٹل اسکلز کورس کا اعلان ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر کی زیرِ صدارت ہنگو میں ڈی نوٹیفائیڈ افغان مہاجرین کیمپوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ہنگو، افغان کمشنریٹ اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں مہاجرین کیمپوں سے متعلق انتظامی امور اور اثاثہ جات کی حوالگی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے افغان کمشنریٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ کیمپوں میں موجود تمام اثاثہ جات کو مقررہ ضوابط کے مطابق جلد از جلد متعلقہ دفاتر کے حوالے کیا جائے تاکہ یہ عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام انتظامی امور کی تکمیل میں شفافیت، قواعد و ضوابط کی پاسداری اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ہنگو کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اُمورِ نوجوانان ہنگو نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے نوجوانوں کیلئے ایک ماہ پر مشتمل مفت
ڈیجیٹل اسکلز اور فری لانسنگ کورس کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ کورس گورنمنٹ ڈگری کالج ہنگو میں منعقد کیا جائے گا۔ اس کورس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا، آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں خود کفیل بنانا ہے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 26 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ انٹرویو 27 اکتوبر کو صبح 11 بجے ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز آفس، شہید فرید خان اسٹیڈیم، ٹل روڈ ہنگو میں منعقد ہوں گے۔ مزید معلومات کیلئے اس نمبر پر (0925) 622391 رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا اور امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اپنا لیپ ٹاپ ساتھ لائیں۔ ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر نے کہا کہ یہ پروگرام ہنگو کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل دنیا میں اپنے قدم مضبوط کرنے اور معاشی خود انحصاری حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔