پشاور (مانندنیوز) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ ملاکنڈ کے نمائندہ وفد نے معتمدِ جامعہ صاحب جمال کی قیادت میں ڈپٹی فنانس ڈائریکٹر جامعہ ملاکنڈ اسرار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نیڈ بیسڈ اسکالرشپ کی بندش کے باعث طلبہ کو درپیش مالی و تعلیمی مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے انتظامیہ کو اس فیصلے سے طلبہ پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ فنڈز کے بروقت اجرا نہ ہونے سے طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بہت سے طلبہ مالی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث اپنی ٹرانسکرپٹس حاصل نہیں کر پا رہے، جس کے نتیجے میں وہ اعلیٰ تعلیم اور ملازمت کے مواقع سے محروم ہو رہے ہیں۔انتظامیہ سے ملاقات کے بعد وفد نے نیڈ بیسڈ اسکالرشپ کے متاثرہ طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ اسلامی جمعیت طلبہ ان کے ساتھ مکمل حمایت اور سرپرستی جاری رکھے گی اور اس مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ مذاکرات کے دوران یہ طے پایا کہ یونیورسٹی جلد از جلد ترجیحی بنیادوں پر نیڈ بیسڈ اسکالرشپ کی اقساط جاری کرے گی۔ تاہم اگر مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ ملاکنڈ بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی، جو طلبہ کا آئینی و جمہوری حق ہے۔ملاقات میں ناظم علاقہ نیو بلاک، بلال غفور بھی موجود تھے۔