سوات ( مانندنیوز) سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ڈڈھارہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے سابق رکن اور کسان کونسلر شاہ وزیر خان شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ساٹھ سالہ شاہ وزیر خان اپنی کھیتوں کی طرف جا رہے تھے کہ خوڑ محلہ میں راستے میں پہلے سے نصب بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کر کے کبل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں حالت تشویشناک ہونے پر انہیں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے زخمی امن کمیٹی کے سابق رکن کے بیٹے سمیع اللہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں 250 سے 300 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تحصیل کبل کے علاقے کالا کلے میں اے این پی کے سابق ناظم جعفر خان کو 9 ستمبر 2025 کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا تھا، جبکہ تحصیل مٹہ کے علاقے ارکوٹ میں لیویز اہلکار عبدالکبیر کو 14 اکتوبر 2025 کو پولیو ڈیوٹی کے دوران فائرنگ کر کے شہید کیا گیا تھا۔