ملاکنڈ(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس۔ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ، محمد فیاض خان شیرپاؤ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملاکنڈ اور تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ کو گزشتہ اجلاس میں تفویض کردہ ذمہ داریوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کا بغور جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان، غیر قانونی اسپیکٹرم اور سمگلنگ کی روک تھام سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف تجاویز پر غور کے بعد متعلقہ اداروں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں، تاکہ انتظامی معاملات کو مؤثر طریقے سے نمٹایا جا سکے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کمیٹی کو تفویض کردہ تمام ذمہ داریاں بروقت مکمل کی جائیں گی، حکومتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام محکموں کے درمیان باہمی روابط اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ کمیٹی کے مقرر کردہ اہداف باآسانی حاصل کئے جا سکیں۔