اپر چترال (مانند نیوز) اپر چترال میں ڈی وارمنگ مہم کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد۔ اپر چترال میں کیڑے مار (ڈی وارمنگ) مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے ایک اہم میٹنگ ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، اسسٹنٹ کمشنرز انڈر ٹریننگ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل)، کوآرڈینیٹر ڈی وارمنگ اور تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور نمائندے نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ڈی وارمنگ مہم 8 دسمبر سے شروع ہو کر 12 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت 5 سے 14 سال تک کے بچوں کو کیڑے مار گولیاں فراہم کی جائیں گی اور اپر چترال کے کل 38,217 بچوں کو اس سے مستفید کیا جائے گا۔ تمام سکولوں میں بچوں اور والدین کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ والدین مکمل معلومات حاصل کر سکیں اور اپنے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے اجلاس میں زور دیا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان مہم کے ہر پہلو میں بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں والدین سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کو کیڑے مار گولی لازمی اور بروقت دیں تاکہ بچے صحت مند اور پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رہیں۔ یہ مہم نہ صرف بچوں کی صحت کی حفاظت بلکہ اپر چترال میں صحت مند نسل کے قیام کے لیے ایک اہم قدم تصور کی جاتی ہے۔