پشاور ( مانند نیوز) صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف اقوام متحدہ کی 16 روزہ مہم پاکستان میں بھی زور و شور سے جاری ہے اور اس سال اس مہم کی خصوصی توجہ آن لائن اور ڈیجیٹل ہراسانی پر ہے جس کا زیادہ تر شکار خواتین اور لڑکیاں ہوتی ہیں۔اقوام متحدہ اور اس کے ادارے یہ مہم ہر سال 25 نومبر اور 10 دسمبر کے دوران چلاتے ہیں۔اسی حوالے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے شعبہ سوشیالوجی نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) پاکستان کے تعاون سے ”خواتین اور بچیوں کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے“ کے عنوان سے ایک قومی سیمینار منعقد کیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم خان ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں خواتین اور بچیوں کے خلاف ڈیجیٹل یا جسمانی تشدد کی کوئی گنجائش نہیں اور ایک محفوظ و باعزت ڈیجیٹل معاشرے کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے۔سیمینار کی مقررین میں سابق چیئرپرسن خیبر پختونخوا کمیشن برائے خواتین ڈاکٹر رفعت سردار، عورت فاؤنڈیشن کی پروگرام مینیجر صائمہ منیر آواز ٹو کی صوبائی ٹیم لیڈ شبینہ گلزار، پروفیسر ڈاکٹر منہاس مجید خان، محتسب خیبر پختونخوا کی نمائندہ ڈاکٹر را بعہ اور تقریب کے آرگنائزر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حسین علی شامل تھیں۔ مقررین نے خواتین، بچیوں اور پسماندہ طبقات کو درپیش ڈیجیٹل ہراسانی، عوامی سطح پر بڑھتے تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے پھیلتی ہوئی ڈیجیٹل ترقی نے تعلیم، جدت، روزگار اور عوامی شرکت کے نئے مواقع فراہم کئے ہیں، تاہم ان کے ساتھ آن لائن ہراسگی، سائبر اسٹاکنگ، جعلی پروفائلز، ڈیپ فیک کے غلط استعمال، بلیک میلنگ اور نفرت انگیز مواد جیسے سنجیدہ خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تشدد ایک حقیقت ہے اور اس کے اثرات دور رس ہیں،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نور جہاں نے اپنے تحقیقی مطا لعہ پیش کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ریسرچ آفیسراکرام اللہ خان نے اعداد وشمار پیش کرتے ہو ئے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں 18 لاکھ پاکستانی خواتین مختلف جرائم کا شکار ہوئیں، جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو موصول ہونے والی 80 فیصد شکایات خواتین اور بچیوں کی جانب سے ہیں۔چیئرمین شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر احمد علی نے تقریب کے اختتام پر تمام مقررین، اساتذہ اور طلبا کا شکریہ ادا کیا اور سیمینار کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر حسین علی اور طلبہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب میں ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر طارق محمود سمیت فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلبا نے شرکت کی۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے معزز مقررین میں شیلڈز تقسیم کیں۔