ہنگو (مانند نیوز) ہنگو کی تاریخ میں پہلی بار شہید فرید خان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں آئی سی یو اور نرسری یونٹس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی یوسف خان، ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ناصر خان نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر حلیم الرحمان کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر یونٹس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں علاقہ مشران، امن کمیٹی کے رہنما مولانا عبد الستار، صحافی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم این اے یوسف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی یو اور نرسری یونٹس کو بہت جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہنگو کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں اپنے ہی ضلع میں آئی سی یو جیسی جدید سہولت میسر آ رہی ہے، جس سے مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ناصر خان نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کافی حد تک صفائی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے اور ایم ایس کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کو صحت کی بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ایم ایس ڈاکٹر حلیم الرحمان نے اس موقع پر بتایا کہ بعض ڈاکٹرز کی بھرتیاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ آئی سی یو یونٹ کے لیے جلد مزید ڈاکٹرز اور طبی عملے کی تعیناتی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ڈائلاسز یونٹ کا افتتاح بھی کیا گیا تھا، جس کے لیے ہنگو کے مریض پشاور جانے پر مجبور تھے، تاہم اب مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی سے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔