ابٹآباد(نمائندہ مانند)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرفامنس ری ویواور ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری کے حوالے سے ایک جامع اجلاس کانفرنس روم، ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلعی محکموں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ریونیو افسران کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے شہریوں کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل اور چیف منسٹر اختیار پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کے بروقت، شفاف اور مؤثر ازالے پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو سرکاری سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے اور شہریوں سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی بنیاد پر مسائل کے پائیدار حل کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے لائن ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سروس ڈیلیوری کے نظام کو مؤثر بنانے، ٹاسک مینجمنٹ میں بہتری اور محکموں کے مابین باہمی رابطہ مضبوط کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی، ریٹ لسٹس پر سختی سے عملدرآمد اور مارکیٹ کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔مزید برآں صوبائی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری انڈیکیٹرز کے تحت عوامی خدمات کے معیار میں بہتری، انڈیکیٹرز پر مکمل عملدرآمد اور سروسز کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے سے متعلق خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، محکمہ صحت، تعلیم، ٹی ایم ایز، لوکل گورنمنٹ، جی ڈی اے، واسا، پبلک ہیلتھ، پاپولیشن ویلفیئر، سی اینڈ ڈبلیو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔