دیر(نمائندہ مانند)دیر بالا کے سب ڈویژن واڑی سے افغان مہاجرین کی باعزت اور منظم رخصتی کے حوالے سے جرگہ ہال واڑی میں ایک باقاعدہ اور پروقار آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں اسسٹنٹ کمشنر واڑی آفتاب عالم نے ہمراہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معزز علاقائی مشران، عمائدین اور متعلقہ نمائندگان کے ساتھ شرکت کی۔ پروگرام کے دوران اسسٹنٹ کمشنر واڑی آفتاب عالم نے افغان مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں قیام کے دوران امن و امان، قانون کی پاسداری اور مقامی آبادی کے ساتھ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسلامی اور انسانی اقدار کے تحت افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے اور اس دوران مہاجرین کی جانب سے مجموعی طور پر نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری قابلِ تحسین رہی ہے۔ اس موقع پر افغان مہاجرین کو ان کی واپسی کے حوالے سے حکومتِ پاکستان کی پالیسی، متعلقہ قوانین اور ضابطہ کار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر واڑی نے واضح کیا کہ رخصتی کا یہ عمل مکمل طور پر باعزت، منظم اور قانون کے مطابق انجام دیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات یا غلط فہمی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے علاقائی مشران کے کردار کو سراہتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور مہاجرین کو قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے واپسی کے عمل میں سہولت فراہم کریں۔