شانگلہ (نمائندہ مانند)ضلعی پولیس آفیسر شانگلہ شاہ حسن خان نے کہا ہے کہ ضلع شانگلہ میں جاری شدید بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر شدید پھسلن پیدا ہو گئی ہے، جس سے ٹریفک حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت بغیر چین (Snow Chains) کے گاڑیوں کے سفر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ڈی پی او شاہ حسن خان نے کہا کہ تمام ڈرائیور حضرات اور ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ برفباری کے دوران اپنی گاڑیوں میں اسنو چین کا لازمی استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے عوام بالخصوص مقامی افراد (لوکلز) سے اپیل کی کہ وہ بلاوجہ سفر نہ کریں تاکہ سیاحوں کے لیے راستے کھلے رہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ شانگلہ آنے یا شانگلہ سے جانے کی صورت میں ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کے ٹائر ضرور چیک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹائر کمزور یا خراب نہ ہوں، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال اور حادثے سے بچا جا سکے۔ڈی پی او شانگلہ نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ پولیس تمام داخلی و خارجی راستوں پر موجود ہے اور شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی بحالی کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔